انتظامی امور کی کمیٹی کی سلطان احمد کو کمان ، فائنانس کی ذمہ داری شیخ جینا کو سپرد، پہلی فلائٹ چار اگست کو ہوگی روانہ
نئی دہلی، 17جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)حج کمیٹی آف انڈیا کی ممبئی میں ہوئی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اس بات کولے کرقرار داد پاس ہوئی کہ کمیٹی اقلیتی امور کی وزارت کے ماتحت کام کرنے کے بجائے وزارت خارجہ کے ماتحت کام کرے گی ۔حج کمیٹی آف انڈیا کے ممبران نے کمیٹی کو اقلیتی امورکی وزارت کے ماتحت کئے جانے کے فیصلہ سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حج کمیٹی آف انڈیا کو اقلیتی امورکی وزارت کے ماتحت نہیں چاہتے ہیں ۔ کمیٹی کے وائس چیئرمین سلطان احمد نے میڈیا کو بتایاکہ میٹنگ کئی معنوں میں بہت اہم رہی ۔میٹنگ میں اس بات کو لے کر بھی قرار داد پاس ہوئی کہ فلائٹ کو وزیراعظم یا وزیر داخلہ ہری جھنڈی دکھائیں جبکہ ریاستوں کے وزراء اپنی اپنی ریاستوں سے فلائٹ کو ہری جھنڈی دکھائیں جس میں متعلقہ وزراء اور افسران شریک ہوں۔میٹنگ میں متعدد ذمہ دار وں نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں چیئرمین محبوب علی قیصر کے علاوہ وائس چیئرمین سلطان احمد،وائس چیئرمین شیخ جنااور رکن چودھر ی منور سلیم سمیت متعدد اراکین سمیت سی ای او عطاء الرحمان ، جوائنٹ سکریٹری وزارت خارجہ ، ڈپٹی سکریٹری وزارت خارجہ اور اقلیتی امور کی وزارت کے کئی سینئر افسران شریک ہوئے ۔کمیٹی کے وائس چیئرمین سلطان احمد نے میڈیا کو بتایاکہ وزارت خارجہ سے حج کمیٹی کو وزارت اقلیتی امورکو ٹرانسفر کئے جانے کے معاملہ کو تمام ممبران اور ذمہ داران نے سنجیدگی سے لیا اور کئی لوگوں نے حکومت کے اس فیصلہ پر سخت اعتراض کیا جس کے بعد فیصلہ لیاگیاکہ اس سلسلہ میں اگر ضرورت پڑی تو وزیراعظم سے ملاقات کرکے ان کے سامنے اپنی بات رکھیں گے اور ان سے مطالبہ کریں گے کہ سرکار حج کمیٹی کو وزارت اقلیتی امور کو ٹرانسفر کئے جانے کے اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرے ۔ممبران کا کہنا ہے کہ حج کمیٹی براہ راست وزارت خارجہ سے مربوط ہے اور اقلیتی امور کی وزارت کمیٹی کے لئے بے سود ہے اس لئے وہ اس کے ماتحت کام کرنے کو ہرگز پسند نہیں کریں گے ۔
سلطان احمد نے بتایاکہ حج کمیٹی کی بلڈنگ میں آڈیٹوریم کے قیام کا معاملہ کافی عرصہ سے ملتوی ہے ۔فائل وزارت خارجہ میں پنڈنگ ہے۔اس پر تفصیلی بحث ہوئی اور وزارت خارجہ سے اپیل کی گئی کہ وہ اس کام میں تاخیر نہ کرے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگئی کہ جلد از جلد آڈیٹوریم کی تعمیر حج کمیٹی آف انڈیا کی بلڈنگ کے اندر ہوجائے ۔ سلطان احمد نے بتایا کہ گذشتہ کل سے عازمین کے پاسپورٹ پر ویزا لگنے کا عمل شروع ہوگیا ہے اور اس سمت میں ہم تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ سلطان احمد نے بتایاکہ آج دو کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں ۔ جس میں فائناس کی ذمہ داری وائس چیئرمین شیخ جنا کو دی گئی جبکہ انتظامی امور کی ذمہ داری مجھے سونپی گئی ۔سلطان احمد نے بتایاکہ چارٹر کی ذمہ داری خود چیئرمین کے سپرد کی گئی ہے ۔ سلطان احمد نے بتایا کہ ہمارا واحد ایجنڈہ نو کمیشن نو کرپشن اور عازمین کو ہر طرح کی پریشانی سے نجات دلانا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ سب کام وقت پر ہو یہی ہماری کوشش ہے اور پوری ایمانداری سے کام کرنے کی تمام ذمہ داروں کو ہدایات دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی پہلی فلائٹ چار اگست سے روانہ ہونی ہے ۔